Justuju Tv جستجو ٹی وی

Monday, January 19, 2009

صحافی سب بڑے دہشتگرد ہیں، صدر زرداری کی سرحد چیمبر کے ارکان سے گفتگو

Monday, January 19, 2009, Muharram-ul-Haram 21, 1430 A.H
پشاور ( رپورٹ … رحیم اللہ یوسف زئی ) صدر آصف علی زرداری میڈیا سے اس قدر ناخوش دکھائی دیتے ہیں کہ انہوں نے حال ہی میں صوبہ سرحد سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کے ایک وفد کو بتایا کہ پاکستان میں صحافی سب سے بڑے دہشتگرد ہیں۔ 15جنوری کو اسلام آباد میں صدر سے ملاقات کرنے والے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کے ارکان نے صدر زرداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی معاملات کی غلط رپورٹنگ کرتے ہیں اور صورتحال کو غیر معروضی انداز میں پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر محسوس کرتے ہیں کہ میڈیا کو حساس معاملات سے بہت احتیاط سے نمٹنا چاہیے۔ صدر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے فاٹا اور سرحد میں دہشتگردی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے یہ ریمارکس دیے کہ ”صحافی سب سے بڑے دہشت گرد ہیں “۔ ان کے خیال میں صحافی خود دہشت گردوں سے بھی بڑے دہشتگرد ہیں۔ وفد کے کچھ ارکان نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے دی نیوز کو بتایا کہ وہ صدر زرداری کے ریمارکس پر حیران تھے کیونکہ وہ سیاق وسباق سے ہٹ کر تھے اور صدر نے اپنے ان ریمارکس کا جواز پیش کرنے کیلئے کہ صحافی دہشتگرد ہیں ، میڈیا کی جانب سے حقائق مسخ کرنے کی کوئی مثال پیش نہیں کی۔ پیپلز پارٹی کے ایک رہنما ،جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے ، نے اس بات کی تصدیق کی کہ صدر نے صحافیوں کے دہشت گرد ہونے سے متعلق بیان دیا تھا۔ دریں اثناء ایوان صدر کے ایک قریبی ذریعے نے دعوی کیا ہے کہ صدر صحافیوں کو دہشت گرد قرار نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر صحافیوں کی بہت عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے ماضی میں بہت سے دوست صحافی تھے اور اس وقت بھی ان کے صحافیوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے اصرار کیا کہ کئی مرتبہ ان کی موجودگی میں صدر نے صحافی برادری کی تعریف کی۔ صدر سے ملاقات کرنے والے سرحد چیمبر کے وفد کے کئی ارکان نے کہا کہ انہیں صدر سے اپنی ملاقات کے نتیجے سے مایوسی ہوئی۔

No comments: